چاکلیٹی ہیرو وحید مراد کی 38 ویں برسی

اسلام آباد(شوبز ڈیسک) فلم انڈسٹری کے چاکلیٹی ہیرو اداکار وحید مراد کو رخصت ہوئے 38 برس بیت گئے، ان کی لازوال اداکاری اور مسحور کن شخصیت نے مداحوں کو آج بھی اپنے سحر میں جکڑ رکھا ہے۔
بہترین صلاحیتوں کے مالک، چاکلیٹی ہیرو اداکار وحید مراد 2 اکتوبر 1938 کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے ،انہوں نے فلمی کیریئر کا آغاز 1961 میں فلم ’’انسان بدلتا ہے‘‘ سے کیا۔
وحید مراد نے اپنی جاندار اداکاری سے انڈسٹری کو بہت سی کامیاب فلمیں دیں اور شائقین کے دلوں میں جگہ بنائی۔
وحید مراد کی ہیرا اور پتھر، دیور بھابھی، انسانیت، دوراہا، نیند ہماری خواب تمہارے اور انجمن سمیت درجنوں فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔
ارمان، نصیب اپنااپنا، احسان اور مستانی ماہی سمیت کئی فلمیں وحید مراد نے پروڈیوس بھی کیں،جنہیں بہت پسند کیا گیا۔
اداکار وحید مراد نے 24 سالہ کیرئیر میں 6 نگار ایوراڈ اپنے نام کیے جبکہ وفات کے 27 سال بعد حکومت نے انہیں ستارہ امتیاز سے نوازا۔
فلمی دنیا کا یہ تابندہ ستارہ 23 نومبر 1983 میں 45برس کی عمر میں دنیا سے منہ موڑ گیا۔