پی ایس ایل 7 کی ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہوگی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2022 کی ٹکٹوں کی فروخت آج بروز منگل سہ پہر 3 بجے سے بک می ڈاٹ کام پر شروع ہوگی۔

27 جنوری سے شروع ہونے والے ایونٹ کا پہلا مرحلہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا مرحلہ 10 سے 27 فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

فینز کی سہولت کے لیے پی سی بی نے پہلی مرتبہ ایک ایسی پیشکش متعارف کروائی ہے کہ جس کے تحت 17جنوری تک بک کی جانے والی فرسٹ کلاس اور جنرل اسٹینڈز کی ٹکٹوں پر خصوصی رعایت دی جائے گی، ان میں پلے آف یا فائنل کے ٹکٹ شامل نہیں ہوں گے۔

ٹکٹ خریدتے وقت شائقینِ کرکٹ کو اپنا درست کوویڈ 19 ویکسینیشن سرٹیفکیٹ دکھانا لازمی ہوگا، کوئی بھی شہری ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ چھ ٹکٹیں خرید سکتا ہے۔

اس عمل کے لیے شہری کو ا پنا شناختی کارڈ نمبر اور فون نمبر دینا لازمی ہوگا، جہاں ایزی پیسہ، جاز کیش، کریڈٹ کارڈ، این آئی ایف ٹی کے ذریعے رقم جمع کروائی جاسکے گی۔