پی ایس ایل 7: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان سپر لیگ (PSL ) کے ساتویں سیزن کے چوتھے میچ میں کراچی کنگز کے خلاف تباہ کن بولنگ کروانے اور اپنی جیت کو یقینی بنانے والے فاسٹ بولر نسیم شاہ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 7 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت کراچی کنگز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

نسیم شاہ کی تباہ کن بولنگ کے سامنے کراچی کنگز کی ٹیم صرف 113 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ہدف صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر 16ویں اوور میں پورا کرلیا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اوپننگ بیٹرز نے 76 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر کراچی کنگز سے میچ دور کردیا تھا۔

گلیڈی ایٹر کے بولر نسیم شاہ نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے صرف 20 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی جانب بھیجا۔

مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے پر نسیم شاہ نے کہا کہ آج اچھی بولنگ کرنے پر خوشی ہے، کوشش ہوگی کہ ردھم اورفٹنس برقرار رکھوں۔

کراچی کنگز کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ وہ آج پلان کے مطابق ٹوٹل نہ کرسکے، اگلےمیچز میں اچھا پرفارم کرنے کی کوشش کریں گے۔

کپتان کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سرفراز احمد نے کہا کہ آج کی جیت کا کریڈٹ بولرز کو دوں گا، نسیم شاہ نے آؤٹ اسٹینڈنگ بولنگ کی۔