اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر حماد اظہر نے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن سے اپنے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔
حماد اظہرنے کیا کہ پٹرول پمپس کی ہڑتال کی آڑ میں کچھ گروپس 9 روپے کا اضافہ کروانا چاہتے ہیں۔ ڈیلرز کے جائز مطالبات مانیں گے ناجائز نہیں، عوام کو پریشان کرنا درست نہیں۔
انہوں نے کہا کہ مارجن میں اضافے کی سمری پہلے ہی ای سی سی کو بھیج چکے ہیں۔ آئندہ اجلاس میں اس کا فیصلہ ہو جائے گا۔ پٹرول پمپ مالکان کی مشکلات کا احساس ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع کے مارجن کو بڑھانے کے لیے ملک بھر میں ہڑتال کی ہے، بیشتر پیٹرول پمپس بند ہونے سے شہریوں کو دشواری کا سامنا ہے، جبکہ بعض سرکاری اور نجی پمپس پر پیٹرول کی فراہمی جاری ہے۔ گذشتہ روز پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے ہڑتال کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت نے پہلا رابطہ کیا تھا ، سیکریٹری پیٹرولیم ارشد محمود نے چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز عبدالسمیع کو فون کیا اور مطالبات کے حوالے سے صورتحال سے آگاہ کیا۔
سیکریٹری پیٹرولیم ارشد محمود کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مارجن سے متعلق سمری پیٹرولیم ڈویڑن کو بھیج دی ہے سمری کے نکات ابھی نہیں بتائے جاسکتے۔
چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز عبدالسمیع خان نے کہا تھا کہ سمری کے نکات معلوم نہ ہونےتک ہڑتال واپس نہیں لیں گے کل ہڑتال ہر صورت میں ہوگی۔