پریانکاچوپڑا نے رئیلٹی شومیں ایکٹیوسٹ ‘کا حصہ بننے پر معافی مانگ لی

راولپنڈی(شوبز ڈیسک ) معروف بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے وسیع پیمانے پر تنقید کے بعدرئیلٹی شو دا ایکٹیوسٹ میں شرکت کرنے پر معافی مانگ لی۔دا ایکٹیوسٹ ایک رئیلٹی شو ہے جس پر ایکٹیوازم اور مقابلے کو یکجا کرنے سوشل میڈیا پر سخت تنقید کی گئی تھی۔ورائٹی کی رپورٹ کے مطابق 5 اقساط پر مشتمل مقابلے پر تنقید کے بعد اب یہ صرف ایک دستاویزی فلم پر مشتمل ہوگا۔دا ایکٹیوسٹ کے کچھ مناظر کی شوٹنگ پہلے ہی کی جاچکی تھی لیکن اب ڈاکیومنٹری کے نئے ورژن فلمبندی کو ازسرنو شروع کیے جانے کا امکان ہے۔مذکورہ شو جس میں پریانکا چوپڑا، جولیان ہو اور اشر کو بطور ججز منتخب کیا گیا تھا کو ایکٹیوزم کوگلیمرائز کرنے اور اسے سرمایہ دارانہ کوشش میں تبدیل کرنے پر شدید تنقید کا سامنا ہوا۔جس کے بعد سی بی ایس گلوبل سٹیزن اور لائیو نیشن نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں شو کو نئے سرے سے ترتیب دینے کے منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ ‘دا ایکٹوسٹ کو وسیع پیمانے پر موجود ناظرین کو ایکٹیوسٹس کے عزائم، طویل گھنٹے اور ہنرمندی دکھانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا جو وہ دنیا کو بدلنے میں صرف کرتے ہیں اور امید کی گئی تھی کہ دوسروں کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں گے’۔تاہم ،بظاہر شو کے جس فارمیٹ کا اعلان کیا گیا ہے وہ ان اہم کاموں سے دور ہے جو یہ ناقابل یقین کارکن ہر روز اپنی کمیونیٹیز میں کرتے ہیں، عالمی تبدیلی کی ترغیب مقابلہ نہیں ہے بلکہ اس کے لیے عالمی کوشش کی ضرورت ہے۔مزید کہا گیا کہ ‘نتیجتا ہم مسابقتی عناصر کو ہٹانے کے لیے فارمیٹ تبدیل کرتے ہوئے اسے ایک پرائم ٹائم ڈاکیومنٹری اسپیشل میں تبدیل کررہے ہیں’۔بیان میں کہا گیا کہ اس دستاویزی فلم کی ریلیز کے لیے نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔مذکورہ اعلان کے بعد بولی وڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کرتے ہوئے دا ایکٹیوسٹ پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے اس شو کا حصہ بننے پر معافی مانگی۔