پاکستان آنے پر مکمل پابندی والے ممالک 7 سے 15 ہوگئے

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے حالیہ کورونا وباء کے باعث کیٹیگری سی ممالک کی فہرست 7 سے بڑھا کر 15 کر دی ہے۔

اسلام آباد میں این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا کی صورتحال کے پیش نظر فضائی سفر کی سی لسٹ پر نظر ثانی کی گئی اور حکام نے فہرست میں شامل ممالک کی تعداد 7 سے بڑھا کر 15 کردی۔

این سی او سی کے مطابق کیٹیگری سی ممالک میں جنوبی افریقہ، ہالینڈ، ہانگ کانگ، ہنگری، آئرلینڈ، کروشیا، سلووینیا، ویت نام، پولینڈ، موزمبیق، لیسوتھو، اسواٹینی، بوٹسوانا، زمبابوے اور نمیبیا شامل ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے تحت کیٹیگری سی کے ممالک سے پاکستان آنا مکمل طور پر ممنوع ہو گا تاہم ان ممالک سے ضروری سفر خصوصی اجازت سے ہی ممکن ہو گا۔

خصوصی کمیٹی سے استثنیٰ کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد زمرہ سی کے ممالک سے پاکستان کا سفر ممکن ہو گا۔

اس کے علاوہ، این سی او سی کا کہنا ہے کہ پاکستان آنے والے تمام مسافروں، 6 سال یا اس سے زیادہ عمر کے پاکستانیوں کے لیے ویکسینیشن لازمی ہو گی، غیر ملکیوں کو بورڈنگ سے 48 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ پیش کرنا ہوگا۔