پاکستان آسٹریا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے،وزیر خارجہ

راولپنڈی(کامرس ڈیسک) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان، آسٹریا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 76 اجلاس کے موقع پر آسٹریا کے اپنے ہم منصب الیگزینڈر شیلنبرگ کے ساتھ ملاقا ت کے دوران کہی۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، آسٹریا کو یورپی یونین کا ایک اہم رکن سمجھتا ہے۔دونوں ملکوں کے درمیان، تجارت، سرمایہ کاری، ماحولیات، صحت، قابلِ تجدید توانائی ،آبی وسائل، زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم پاکستان اور آسٹریا کے مابین اگلے دو طرفہ سیاسی مشاورتی اجلاس کے جلد انعقاد کے متمنی ہیں۔پاکستان میں سکیورٹی کی بہتر صورت حال اور کاروباری سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے،آسٹرین کاروباری حضرات وکمپنیاں، ہماری حکومت کی "کاروبار دوست پالیسیوں” سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتی ہیں۔وزیر خارجہ نے آسٹرین ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت کا اعادہ کیا۔