پاکستانی نوجوان ای کامرس میں بہتر کردار ادا کر سکتے ہیں،ژینگ جیانگ ایمان لاجسٹکس

بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین کی ژینگ جیانگ ایمان لاجسٹکس کی چیف ایگزیکٹو لی یمان نے کہا ہے کہ عالمی تجارت میں سرحد پار ای کامرس ایک نئے سٹار کے طور پر ابھری ہے اور پاکستان اپنی بڑی تعداد میں نوجوان آبادی کے باعث اس شعبے کی ترقی کے لیے بہتر پوزیشن میں ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک بیان میں کیا۔لی یمان نے کہا کہ دنیا بھر میں سرحد پار ای کامرس کا رجحان بڑھ رہا ہے جبکہ پاکستان اپنی نوجوان اکثریت پر مشتمل آبادی کے باعث اس شعبے میں کہیں بہتر کردار ادا کرسکتا ہے۔انھوں نے کہا کہ بحیثیت سرمایہ کاری قونصلر وہ اس شعبے کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کی خواہاں ہیں اور دونوں دوست ملکوں کے درمیان ای کامرس کے فروغ کے لیے لاجسٹک سروس فراہم کرنا چاہتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 2004 ءمیں چین کے مشرقی شہر ییوو میں کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کرتے ہوئے ایمان لاجسٹک نے خود کو چین پاک لاجسٹکس،آبی مصنوعات، معدنی نمک، فولاد، زراعی مصنوعات اور دستکاری پاکستان سے چین کی منڈیوں تک پہنچانے کے لیے وقف کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے دونوں ملکوں کی تجارتی سہولت کے لیے کراچی میں ایک دفتر اور اوور سیزگودام بھی قائم کیا،اس سے ہم اب تک دونوں ملکوں کے 1500 سے زائد کاروباری اداروں کی سہولت کاری کرچکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اب ہماری سروسز میں ای کامرس دراز رجسٹریشن ، سمندری اور فضائی ای کامرس لاجسٹکس شامل ہیں۔لی یمان نے کہا کہ پاکستان نیشنل پویلین جو 2019 میں چین کے شہر ییوو کے چھوٹے اجناس اڈے میں قائم کیا گیا تھا ، نے بیرون ملک گودام اور پاکستانی سامان کے نمائشی پلیٹ فارم کے دوہرے مقاصد کو پورا کیا ہے۔انھوں نے انکشاف کیا کہ ہم اب چینی سوشل میڈیا جیسے ٹوباکو اور ڈوئین (ٹک ٹاک کا چینی ورژن) پر آن لائن لائیو سٹریمنگ فروخت کی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستانی اشیاء کو فروغ دے رہے ہیں۔