ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ۔ بنگلہ دیش نے پاپوانیوگنی کو شکست دیدی

عمان(مانیٹرنگ ڈیسک)ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے رائونڈ میں بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے پاپوانیوگنی کو 84 رنز سے باآسانی شکست دے دی، بنگلہ دیش کے 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاپوانیوگنی کی ٹیم 97 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، شکیب الحسن کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعرات کو عمان کے الامرات کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ بی کے میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔ بنگلہ دیشی کپتان محمد اللہ نے 28 بالوں پر شاندار نصف سنچری سکور کی۔ آل رائونڈر شکیب الحسن نے 37 بالوں پر 46 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لٹن داس 29 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ آخر میں سیف الدین نے 6 بالوں پر 19 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ پاپوانیوگنی کے کابوا موریا، ڈیمین راوو اور اسد والا نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پاپوانیوگنی کی ٹیم 182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 97 پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ پاپوانیوگنی کی ٹیم کو ابتدا میں ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب اس کے بلے باز یکے بعد دیگرے آئوٹ ہوتے رہے۔ کپلن ڈوریگا نے 46 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ چیڈ سوپر 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، ان کے علاوہ کوئی بلے باز ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکا۔بنگلہ دیشی آل رائونڈر شکیب الحسن نے شاندار بائولنگ کرتے ہوئے 9 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد سیف الدین اور تسکین احمد نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس طرح بنگلہ دیش نے پاپوانیوگنی کو میچ میں 84 رنز سے شکست دے دی۔شکیب الحسن کو شاندار آل رائونڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا