ویمن یونیورسٹی آزاد کشمیر احساس سکالر شپ انڈر گریجویٹ پروگرام کے تحت تقریب کا انعقاد

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) ویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر باغ میں احساس سکالر شپ انڈر گریجویٹ پروگرام کے تحت ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں بطور مہمان خصوصی وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی پروفیسرایمریٹس ڈاکٹر محمد رسول جان نے شرکت کی۔ تقریب میں وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی باغ میریٹوریس پروفیسر ڈاکٹر عبد الحمید، ڈین فیکلٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنس،پرنسپل آفیسران، فیکلٹی ممبران، جملہ آفیسران اور طالبات نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پونچھ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگ جو ٹیکس ادا کرتے ہیں اسی کی بدولت حکومت سکالر شپ دینے کے قابل ہوئی ہے، انہوں نے حکومت پاکستان اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کا کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے احساس سکالر شپ پروگرام شروع کرنے پر شکریہ ادا کیا اور سکالر شپ حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد پیش کی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد رسول جان نے مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام کے ساتھ اظہار محبت کرتے ہوئے کہا کہ جب میں کشمیریوں کے خواب بکھرتے ہوئے دیکھتا ہوں تو دل میں بہت تکلیف ہوتی ہے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبد الحمید نے کہا کہ کم آمدنی والے خاندان اس سے بھر پور فائدہ اُٹھائیں،اس دفعہ ویمن یونیورسٹی آف آزاد جموں و کشمیر باغ میں جلدی داخلہ جات کا اجراء کیا گیا ہے۔ تاکہ طالبات احساس سکالر شپ سے مستفید ہو سکیں ، انہوں نے کہا کہ طالبات جلد از جلد داخلے کے لیے اپلائی کریں اور احساس سکالر شپ کے لیے رجسٹریشن کروائیں، احساس سکالر شپ صرف مستحق طالبات کے لیے ہے