پاکستان کے لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نے اپنے والد کی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِن کے والد ایک عظیم انسان تھے۔
عمر شریف کے بیٹے جواد عمر نےحال ہی میں نجی ٹی وی کے ایک شو میں میزبان ندا یاسر کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنے والد کے بارے میں کہا کہ عمر شریف نے انہیں ہمیشہ لوگوں سےنرمی سے پیش آنا اور محبت کرنا سیکھایا ۔
جواد عمر نے اپنے والد کی شخصیت کے بارے میں کہا کہ ’ان کے والد ایک عظیم انسان تھے، انہوں نے ہمیشہ لوگوں کی مدد کی اور لوگوں کے ساتھ مہربانی اور انصاف کا مظاہرہ کیا اور وہ اپنے تمام رشتوں میں بھی نرم مزاج تھے ۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ان کے والد بہت مصروف رہتے تھے لیکن وہ ہمیشہ ہمارے لیے وقت نکالتے تھے۔‘
والد کے ساتھ گزرے یادگار لمحات کے بارے میں بتاتے ہوئے جواد نے کہا کہ ’ہم بہت زیادہ سفر ساتھ کرتے تھے، انہوں نے ہمیں دنیا بھر کی سیر کروائی۔‘
عمر شریف کے بیٹے نے والد کے بارے میں مزید انکشاف کیا کہ’ انہوں نے نہ صرف اپنے بچوں کی بلکہ پورے خاندان کی دیکھ بھال کی اور ہمیشہ سب کو برابر رکھا ہے، وہ ایک مثال تھے۔‘