موقع ملا تو دوبارہ بالی ووڈ میں کام کروں گی، صبا قمر

پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر کا کہنا ہے کہ اُنہیں موقع ملا تووہ دوبارہ بالی ووڈ میں کام کریں گی۔

صبا قمر نے حال ہی میں اپنے ایک انٹرویو میں اپنے سرحد پار پڑوسی ملک میں کام کرنے کے امکانات کے بارے میں بات کی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اُنہیں بھارت میں سب کا شکریہ ادا کرنے کا موقع نہیں ملا لیکن وہ بہت خوش اور مشکور ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ’اُنہیں اس بات پر بھی خوشی ہے کہ ودیا بالن، کنگنا رناوت، سری دیوی اور عالیہ بھٹ کے ساتھ فلم فیئر کی بہترین اداکارہ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا۔

صبا قمر نے عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پر کہا کہ’وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ اُنہیں عرفان خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا‘۔

اُنہوں نے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہترین کی امید کر رہی ہیں، وہ ایک مثبت انسان ہیں اور انشاء اللہ وہ بالی ووڈ میں دوبارہ کام کریں گی۔

خیال رہے کہ صبا قمر نے مرحوم بالی ووڈ اسٹار عرفان خان کے ساتھ 2017 میں فلم ’ہندی میڈیم‘ میں کام کیا اور بھارت میں اداکارہ کے کام کو بہت پسند بھی کیا گیا تھا۔

لیکن بعد میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدہ سفارتی تعلقات کی وجہ سے فلم’ہندی میڈیم‘ کے 2020 میں ریلیز ہونے والے سیکوئل ’انگریزی میڈیم‘ میں کام کرنے کے لیے بھارت نہیں جاسکی تھیں۔