منسوخی دورہ،کھلاڑی اس صورت حال کا غصہ اپنی کارکردگی سے نکالیں، رمیز راجہ

راولپنڈی(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان منسوخ ہونا پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں ،کھلاڑی اس صورت حال کا غصہ اپنی کارکردگی سے نکالیں۔ ہفتہ کو اپنے ویڈیو پیغام میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ کرکٹ مداحوں کا اور میرادکھ ایک ہے، جو ہوا پاکستان کرکٹ کے لیے ٹھیک نہیں ہوا۔چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ہوم کرکٹ پر دباؤ بڑھا ہے لیکن پاکستان کرکٹ پہلے بھی ایسی صورت حال سے گزر چکی ہے، ہم میں ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے ورلڈ کلاس ٹیم بنانےکی صلاحیت ہے، جب آپ دنیا کی سرفہرست ٹیم بن جائیں گے تو دوسرے آپ کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے قطار میں لگ جائیں گے، مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ہر کوئی آپ کے خلاف کھیلنا چاہے گا لہذا میں چاہتا ہوں کہ ہم اس سے سبق سیکھیں اور مضبوط ہوتے ہوئے آگے بڑھیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ اس صورتحال نے دونوں پر بہت زیادہ دباؤ ڈالا ہے۔ رمیز راجہ نے کہا کہ بورڈ مکمل طور پر پاکستانی ٹیم کی پشت پر ہے اور اسے عالمی معیار کا بننا ہے تاکہ وہ اس طرح کے چیلنجوں پر آسانی سے قابو پا سکے اور آگے بڑھ سکے۔ شائقین سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں اور امید نہ چھوڑیں، میں آپ کے درد میں برابر کا شریک ہوں اور مجھے امید ہے کہ پاکستان کرکٹ کو آگے لے جانے کے لیے ساتھ رہیں گے، یہ بدقسمتی کا منظر ہے کیونکہ ہم اس کی توقع نہیں کر رہے تھے۔ ہم نے ماضی میں بھی ایسے حالات کا تجربہ کیا ہے لیکن ہم ہمیشہ آگے بڑھے ہیں۔رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان جلد ہی اس صورتحال سے نکل آئے گا۔ چیئرمین پی سی بی نے شائقین سے کہا کہ وہ قومی ٹیم کی حمایت جاری رکھیں ، خاص طور پر آئندہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی ٹیم پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں پہلے شیڈول ون ڈے کے آغاز سے چند منٹ قبل سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے دورہ پاکستان سے دستبردار ہو گئی تھی۔