اسلام آباد (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کے لئے 55 ٹیسٹ 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 کھیلنے والے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے بین الاقوامی کرکٹ سے مکمل طور پر رخصت لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
17 اکتو بر 1980ء کو سرگودھا میں آنکھ کھولنے والے محمد حفیظ نے 3 اپریل 2003 ء کو شارجہ میں زمبابوے کے خلاف اپنا پہلا بین الاقوامی ون ڈے کھیلا، اسی سال اگست میں انہوں نے نیشنل اسٹیڈیم کر اچی میں اپنا ٹیسٹ ڈیبیو بھی کیا۔
28 اگست 2006 ءکو برسٹل میں انگلینڈ کے خلاف انضمام الحق کی قیادت میں جب پاکستان نے اپنا پہلا بین الاقوامی ٹی 20 کھیلا تو محمد حفیظ اس ٹیم میں بھی شامل تھے۔
محمد حفیظ نے تینوں فارمیٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دئیے، آل راؤنڈر نے ایک ٹیسٹ 2 ون ڈے اور 29 ٹی 20 میں قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دئیے، محمد حفیظ کا شمار پاکستان کے ان چند کھلاڑیوں میں ہوتا ہے، جو اپنے سخت موقف کی وجہ سے شہرت رکھتے ہیں، خاص طور پر میچ فکسنگ اور ڈسپلن کے حوالے سے محمد حفیظ کو پاکستان کرکٹ میں ایک نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔
محمد حفیظ سخت گیر موقف رکھنے والے کھلاڑیوں میں پہچان رکھتے ہیں ،لہذا انہوں نے اپنے اصولوں پر کبھی سودے بازی نہیں کی، نقصان کی پرواہ نہیں کی۔
محمد حفیظ نے پاکستان کے لئے 392 بین الااقومی میچو ں میں 12789 رنز 21 سینچریوں 64 نصف سینچریوں کی مدد سے بنائے، ایک مستند فیلڈر مانے جانے والے محمد حفیظ نے 160 کیچ لینے کیساتھ بطور آف بریک بولر 253 وکٹیں بھی حاصل کیں۔