متحدہ عرب امارات کے دبئی چیمبر میں رواں سال پہلے آٹھ ماہ کے دوران 16 ہزار نئی کمپنیوں نے رجسٹریشن کرائی۔عرب ذرائع ابلاغ نے دبئی چیمبر کے سربراہ حماد بوعمیم کے حوالے سے بتایا کہ چیمبر میں نئی کمپنیوں کی شمولیت کاروباری اعتماد، معاشی مسابقت، سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کی نظر میں امارات پر بھروسے کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری رکنیت میں اضافہ حکومت کے کاروبار دوست اقدامات اور مراعات کا نتیجہ ہے،
ایسے منصوبوں سے ملکی معاشی ترقی مزید تیز ہوگی۔ دبئی چیمبر کی جاری کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت جدید کمپنیوں کو راغب کرنے، دبئی کی دیگر مارکیٹوں کے ساتھ تجارتی عمل کو آسان بنانے، کاروباری طبقے کی ضروریات کو پورا کرنے اورنجی شعبے میں مقابلے کی فضا بڑھانے کے لئے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیمبر میں شامل نئی کمپنیوں کی سالانہ سرمایہ کاری میں 68.5 فیصد اضافہ متوقع ہے۔