ابوظہبی( سپورٹس ڈیسک) مبادلہ ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ 16 دسمبر سے ابوظہبی میں شروع ہوگی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مبادلہ ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ کے مالکان فلیش انٹرٹینمنٹ نے اس بات کا اعلان کیا کہ ٹینس مقابلے رواں سال 16سے 18 دسمبر تک ابوظبی کے زید سپورٹس سٹی میں ہوں گے۔ تین روز جاری رہنے والے مقابلوں میں دنیا کے6 بہترین مرد ٹینس کھلاڑیوں اور دو بہترین خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ ابو ظبی کی جانب سے تمام ممالک سے مکمل طور پر ویکسین شدہ مسافروں کے لئے قرنطینہ کی شرط ختم کرنے کے اعلان کے بعد چیمپئن شپ میں بین الاقوامی شائقین کی شرکت ممکن ہو سکے گی۔ فلیش انٹرٹینمنٹ کے سی ای او جون لکرش نے کہا کہ مبادلہ ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ اپنے آغاز کے بعد سے ابوظبی اور دنیا بھر کے لوگوں کے لئے ناقابل یقین حد تک مقبول ثابت ہوئی ہے، یہ ٹورنامنٹ یو اے ای کے لوگوں کے لئے ایک سماجی ایونٹ ہے جو معاشرے پرمثبت اثر ڈالے گا ۔