ماضی کے خوبرو ہیرو درپن کی 41ویں برسی کل منائی جائیگی

اسلام آباد(شوبز ڈیسک)پاکستان فلم انڈسٹری کے خوبرو ہیرو درپن کی 41ویں برسی پیر8نومبر کومنائی جائے گی۔ درپن 1928 کو اترپردیش میں پیدا ہوئے، عشرت عباس المعروف اداکار درپن کا تعلق پاکستان کی معروف سنتوش فیملی سے تھا۔وہ موسی رضا المعروف سنتوش کمار، ہدایتکار ایس سلیمان اور اداکار منصور کے بھائی تھے، درپن نے فلمی کریئر کا آغاز 1950 میں فلم امانت سے کیا۔پاکستان میں چند فلموں میں کام کرنے کے بعد وہ ممبئی چلے گئے جہاں انہوں نے فلم عدل جہانگیری اورباراتی میں کام کیا، ممبئی میں قیام کے دوران ان کا افیئر بھارت کی اداکارہ نگار سلطانہ کے ساتھ مشہور ہوا۔پاکستان واپسی پر انہوں نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا، جن میں ساتھی، رات کے راہی، سہیلی، گلفام، قیدی، آنچل، باجی، شکوہ، اک تیرا سہارا اور نائلہ وغیرہ شامل ہیں۔ان کی بطور ہیرو آخری کامیاب فلم پائل کی جھنکار 1966 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے کریکٹر اور سپورٹنگ رول بھی ادا کئے۔درپن نے مجموعی طور پر 67فلموں میں کام کیا جن میں 57 فلمیں اردو، 8 فلمیں پنجابی اور دو فلمیں پشتو زبان میں بنائی گئی تھیں۔درپن نے اپنے وقت کی حسین اور مقبول ہیروئین نیئرسلطانہ کو اپنا جیون ساتھی بنایا اور یہ ساتھ مرتے دم تک قائم رہا۔ درپن8نومبر 1980کوطویل علالت کے بعد جہان فانی سے کوچ کر گئے ۔