مائرہ خان کی پینڈو اور برگر ازم کی ویڈیو پر زرنیش خان کا رد عمل

راولپنڈی(شوبز ڈیسک) اداکارہ زرنیش خان نے ساتھی اداکارہ مائرہ خان کی حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پینڈو اور برگر ازم کی ویڈیو پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں الفاظ کا استعمال غلط ہے، اس سے طبقاتی تفریق ظاہر ہوتی ہے۔زرنیش خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں مائرہ خان کی وائرل ویڈیو کا حوالہ دیتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ان کی ساتھی اداکارہ نے ملک میں طبقاتی تفریق کو ہوا دی۔زرنیش خان نے کہا کہ اگر مائرہ خان کے پاس گفتگو کرنے کے لیے کوئی اہم موضوع تھا تو وہ سنجیدگی سے مذکورہ معاملے پر بات کرتیں، انہیں اس طرح بعض لوگوں کو پینڈو نہیں کہنا چاہیے تھا

اور برگر ازم کو ایک الگ طبقے کے طور پر پیش نہیں کرنا چاہیے تھا۔زرنیش خان نے لکھا کہ وہ اس بات کو تسلیم کرنے کے لیے آمادہ نہیں کہ کسی کو پینڈو اور کسی کو برگر کہنے سے دو طبقات کا تعین ہوتا ہے بلکہ وہ دونوں الفاظ کو طبقاتی تفریق کے طور پر دیکھتی ہیں۔اداکارہ نے لکھا کہ پاکستانی ایک قوم ہیں، ایک ہی طبقہ ہیں اور شوبز شخصیات کو سماجی مسائل پر مزید سنجیدگی کا اظہار کرنے کی ضرورت ہے۔مائرہ خان نے زرنیش خان کی تنقید پر بھی فوری طور پر کوئی رد عمل نہیں دیا۔