فارن سروس اکیڈمی کے زیر تربیت افسروں کا اسلام آباد چیمبر کا دورہ

راولپنڈی فارن سروس آف پاکستان کے فارن سروس اکیڈمی میں زیر تربیت افسروں کے 21رکنی وفد نے اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروگرام محمد واصف کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی)کا دورہ کیا اور تاجر برادری کے ساتھ پاکستان کی معیشت کو درپیش چیلنجوں اور مواقع بارے تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ زیر تربیت افسروں نے آگے جا کر مختلف ممالک میں پاکستان کیلئے سفارتی خدمات سرانجام دینی ہیں لہذا وہ اس دوران ٹریڈ ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان کے کاروباری و اقتصادی مفادات کو فروغ دینے پر خصوصی توجہ دیں جس سے ہماری معیشت بہتر ہو گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور معاشی میدان میں ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کا دور ہے لہذا فارن سروس کے افسران پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بیرون ملک سفارتی خدمات انجام دیتے وقت پاکستان کی تجارت و برآمدات کو فروغ دینے کے نئے مواقع تلاش کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کریں۔

سردار یاسر الیاس خان نے کہا کہ فارن سروس کے زیر تربیت افسران کو چاہیے کہ وہ پاکستان کی معیشت کے مختلف شعبوں میں پائے جانے والے کاروبار، جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں اپنے آپ کو پوری طرح باخبر رکھیں تا کہ اپنی پیشہ وارانہ خدمات کے دوران وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو پاکستان کی طرف راغب کرنے میں فعال کردار اد ا کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں کے پاس ملکی مصنوعات کے بارے میں تازہ ترین بروشرز اور معلومات ہر وقت دستیاب ہونی چاہئیں جو ہماری برآمدات کو بہتر کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر وفد کے اراکین کو چیمبر کی ورکنگ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی کہ کس طرح چیمبر بزنس کمیونٹی کے مفادات کو فروغ دینے کیلئے اپنی کاوشیں کرتا رہتا ہے۔فارن سروس اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروگرام محمد واصف نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے چیمبر کی ورکنگ اور معیشت کو درپیش چیلنجوں و مواقعوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ فراہم کرنے پر چیمبر کے صدر سردار یاسر الیاس خان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔