عمر شریف کی وفات پربشریٰ انصاری غم سے نڈھال

پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے لیجنڈری اداکار و کامیڈین عمر شریف کے انتقال پر گہرے دُکھ و غم کا اظہار کیا ہے۔

بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا ہے جس میں اُنہوں نے عمر شریف کی وفات پر گہرے دُکھ کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے ساتھ گزارے چند حسین لمحات کا ذکر کیا ہے۔

بشریٰ انصاری کا اپنی ویڈیو میں کہنا ہے کہ ’عمر شریف بہت پر جوش اور متحرک رہنے والے اداکار تھے، اُنہیں پسند نہیں تھا کہ کوئی بھی اُن کی علالت سے متعلق جانے، انہوں نے اپنی علالت اپنے مداحوں سے چُھپا کر رکھی ہوئی تھی۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’وہ جب کراچی میں نئی نئی آئی تھیں تو اُس وقت عمر شریف تھیٹر میں اداکاری کرتے تھے، جب عمر شریف نے اسٹیج شو میں اداکاری کا آغاز کیا تو اُن کی عمر شریف سے ملاقات ہوئی تھی، عمر شریف بہت پُھرتیلے انسان تھے، ایسا انسان جس کی بات کا کسی کے پاس کوئی جواب نہیں ہوتا تھا، عمر شریف ایک خود دار اور خود کو بنانے والے انسان تھے۔‘
بشریٰ انصاری نے کہا کہ ’عمر شریف وہ انسان تھے کہ جسے پی ٹی وی چینل کے اندر گھُسنے سے منع کر دیا گیا تھا اور بعد ازاں عمر شریف نے اپنی محنت کے بل بوتے پر خود کو منوایا۔‘

بشریٰ انصاری نے مزید کہا کہ ’اُن کی اور عمر شریف کی آخری بار بات اُن کی بہن کی وفات پر ہوئی تھی۔‘
ن کا کہنا تھا کہ ’ہم سب نے باری باری ایک دن اس دنیا سے چلے جانا ہے مگر ایسی خبر سُن کر صدمہ پہنچتا ہے، عمر شریف کے جانے کی خبر سُن کر اُن کے دل میں ایک دھمک سی پڑ گئی ہے۔‘