طلعت حسین صحتیاب ہونے لگے-

اداکارہ تزئین حسین نے والد و لیجنڈری اداکار طلعت حسین کی صحت کے حوالے سے مداحوں کو بڑی خبر سنا دی۔

پاکستان ٹی وی کی معروف شخصیت طلعت حسین سے متعلق گزشتہ چند دنوں سے یہ خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ ان کی طبعیت شدید خراب ہے جس کی وجہ سے انہیں اسپتال میں داخل کروا دیا گیا۔ ابتداء میں ان کی بیٹی تزئین حسین نے میڈیا کو بتایا کہ حد سے زیادہ سگریٹ نوشی کی وجہ سے والد کے پھپڑے خراب ہو چکے ہیں ۔

اداکار کی صحت سے متعلق دورانِ علاج معلوم ہوا کہ انہیں ڈیمنشیا کا مرض لاحق ہے جس کی وجہ سے انہیں کچھ یاد نہیں رہ پا رہا اور مرض اس قدر شدت پکڑ گیا ہے کہ اب اداکار طلعت حسین اپنوں کو بھی پہچاننے سے قاصر ہیں۔

تزئین حسین کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر والد کیساتھ مسکراتے ہوئے تصویر اور خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ ہمارا پورا خاندان تمام چاہنے والوں کے شکرگزار ہیں جنہوں نے میرے والد کیلئے دن رات دعائیں کیں، الحمد اللہ اب ابو جی کی طبعیت بہت بہتر ہے۔اور اپنی فیملی کی طرف سے ایک مرتبہ پھر دل کی گہرائیوں سے آپ سب کو شکریہ ادا کرتی ہوں۔

واضح رہے کہ طلعت حسین کی انتہائی ناساز طبعیت کا سنتے ہی اداکارہ فضیلہ قاضی نے ان کیلئے خصوصی طور پر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ۔جس میں ان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی اور یہ بھی کہا کہ میں جانتی ہوں کہ اس بیماری میں اپنا کوئی عزیز مبتلا ہو تو کتنی تکلیف ہوتی ہے کیونکہ میری والدہ بھی اسی مرض میں مبتلا ہیں۔