اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی جانب سے سیالکوٹ واقعے پر ردّعمل سامنے آگیا۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ ’کل سے سوچ رہا تھا کہ سیالکوٹ واقعے پر کیا لکھوں لفظ تو بے عمل ہو گئے ہیں۔‘
ہم نے معاشرے میں ٹائم بم لگا دئیے ہیں ان بموں کو ناکارہ نہ کیا تو وہ پھٹیں گے ہی اور کیا کریں گے، وقت ریت کی طرح ہاتھوں سے نکل رہا ہے بہت توجہ چاہئے بہت توجہ۔۔۔۔۔
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 4, 2021
یاد رہے سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا بھی لگا دی تھی ۔
مشتعل افراد کا دعویٰ ہے کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ غیرملکی منیجر کی ہلاکت کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
دوسری طرف وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔