سندھ حکومت کی جانب سےعمر شریف کی مالی مدد پر خوشی ہوئی، جنید لاکھانی

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی کے رہنما و سربراہ بیت المال سندھ حنید لاکھانی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے پاکستان کے معروف فنکار عمر شریف کی مالی مدد کرنے پر خوشی ہوئی، اگر سندھ حکومت کوئی اچھا کام کریگی تو اسے ضرور سراہیں گے، فنکاروں کی خدمت کے معاملے میں آپس کی سیاسی لڑائیاں ہرگز نہیں ہونی چاہیئں، یہ ملک میں امن کے سفیر ہیں، ان کا مشترکہ خیال رکھنا ہم سب پر فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے گزشتہ روز بیان میں کیا۔ حنید لاکھانی نے کہا کہ شوبز کے فنکاروں کے لئے کوئی ایسا پلیٹ فار م ہونا چاہیے جہاں سے ملک کے عظیم فنکاروں کی فوری داد رسی ہوسکے، وفاقی حکومت نے ڈاکٹر فیصل اور ڈاکٹر یاور پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دیا ہے، میڈیکل بورڈ عمر شریف کے اندرون ملک یا بیرون ملک کے علاج کے لئے جو کہے گا وہ کریں گے، سندھ حکومت کی جانب سے فوری ردعمل سے خوشی ہوئی پاکستان میں ایسے ہسپتال بنانا ہونگے کہ کوئی بھی مریض باہر علاج کی بات ہی نہ کرے، اگر تمام طبی سہولیات اپنے ہی ملک میں دستیاب ہونگی تو کوئی بھی مریض بیرون ممالک علاج کی بات ہی نہیں کریگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی نہایت قابل اور اعلی تعلیم یافتہ ڈاکٹرز موجودہیں لیکن ہماری بدقسمتی ہے کہ ہمارے پاس ابھی تک بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات نہیں ہیں ، صحت کے شعبے میں ابھی بھی وسیع سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے، مختلف امراض کی ویکسین اور ادویات کی تیاری کے لئے ریسرچ کرنا ہوگی، یہ جامعات کا کام ہوتا ہے کہ وہ ریسرچ کریں اور اپنی ریسرچ کی بنیاد پر تجربات کریں جب تک نئی ریسرچ اور دریافتیں نہیں ہوں گی آسانیاں پید ا نہیں ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں بہتری کے لئے میڈیکل کے طلبا و طالبات کو بڑھ چڑھ کر ریسرچ کرنی چاہیے کیونکہ قدر ت نے کسی بھی چیز کو بے مقصد پیدا نہیں کیا ہے۔ حنید لاکھانی نے کہا کہ اس پوری کائنات میں مختلف جڑی بوٹیاں ہیں ایسی بھی ہیں جو دیکھنے میں تو بہت معمولی سی لگتی ہیں لیکن اپنے اندر نہایت بڑی بیماریوں کا علاج چھپائے ہوتی ہیں ضرورت صرف تلاش کرنے کی ہے ۔