اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو فٹ بال کی تاریخ میں 800 گولز اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پرتگال سے تعلق رکھنے والے فٹ بالر نے یہ تاریخی اعزاز انگلش پریمئیر لیگ میں مانچسٹریونائیٹڈ اور آرسنل کے درمیان ہونے والے میچ میں حاصل کیا، رونالڈو نے آرسنل کے خلاف 2 گول اسکور کئے اور اپنے گول کی تعداد 801 تک پہنچائی۔ رونالڈو نے 2002 میں اسپورٹنگ لزبن کے ساتھ اپنے کئیئیر کا آغاز کیا تھا، اور اسی سال 7 اکتوبر کو موریرنس کے خلاف 3-0 کی فتح میں اپنی ٹیم کے لیے دو گول کرنے میں کامیاب ہوئے۔ کرسٹیانو رونالڈو نے ریال میڈرڈ کی جانب سے کھیلتے ہوئے 450، مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے 130، یووینٹس کے لیے 101 اور پرتگال کی طرف سے ریکارڈ 115 گول کیے۔
کرسٹینا رونالڈو 184 میچوں میں پرتگال کی نمائندگی کر چکے ہیں، اس طرح وہ اپنی قومی ٹیم کی طرف سے سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے یورپی فٹبالر بھی ہیں۔ رونالڈو مانچسٹر کے ساتھ چھ سیزن تک رہے، جہاں انہوں نے 292 مقابلوں میں حصہ لیا اور اس کے بعد ریکارڈ 80 ملین پاونڈ میں رئیل میڈرڈ کے ساتھ کنٹریکٹ پر دستخط کئے،
ہسپانوی دارالحکومت میں رونالڈو نے نو سیزن کے دوران 438 مقابلوں میں 450 گول اسکور کیے اور کلب کے سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی کا خطاب اپنے نام کیا،کرسٹیانو رونالڈو اپنے کیرئیر میں اب تک 31 ٹرافیز اپنے نام کر چکے ہیں۔