روس، بارود کی فیکٹری میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)روس میں بارود کی فیکٹری میں لگنے والی آگ سے ہلاکتوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی جبکہ ایک شخص تاحال لاپتہ ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق حکام نے اپنے بیان میں بتایا کہ جمعہ کو روس کے دارالحکومت ما سکو کے جنوب مغربی علاقے ریاضاں میں واقع بارود کی فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس سے ہلاکتوں کی تعداد 15 تک پہنچ گئی ہے، ایک شخص لاپتہ جبکہ ایک شخص ہسپتال میں زیر علاج ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے ۔ وزارت ایمرجنسی نے اپنے بیان میں بتایا کہ آگ ایف جی یو پی ’’ ایلاسٹک ‘‘ پلانٹ میں بارودی ورکشاپ سے شروع ہوئی ، حکام نے بتایا کہ امدادی کارروائیوں میں 170 اہلکاروں نے حصہ لیا جبکہ آگ بجھانے کے 50 آلات کو استعمال میں لایا گیا ۔ وزارت کا کہنا ہے کہ فیکٹری کے اردگرد موجود رہائشی آبادی کو آگ سے کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ یاد رہے کہ ابتدائی رپورٹ میں 7 افراد کی ہلاکتوں ، 17 زخمی اور 9 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات دی گئی تھیں۔