راولپنڈی (نیوزڈیسک) وزیرِداخلہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں دھرنے یا لانگ مارچ سے کچھ نہیں ہوگا، فضل الرحمٰن صاحب کو دھرنے کا زیادہ شوق ہے۔
پیر کی صبح میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن 23 مارچ کو شوق سے آئے، خطے کی بہتری کے لیے ضروری ہے عدم اعتماد کی باتیں چھوڑ دیں۔ اپوزیشن جان لے کہ سینٹ والے 15 ارکان حکومت کے ساتھ ہیں، فضل الرحمان کے علاوہ تمام پارٹیوں کو معاملات کی سنگینی کا اندازہ ہے۔ بلاول صاحب آئیں، سیاسی موسم ابرآلودہ نہیں ہوگا۔
شیخ رشید بولے کہ وزیراعظم نے کہا تھا تین مہنے اہم ہیں، وزیراعظم نے کابینہ اجلاس میں ایمرجنسی یا صدارتی نظام کی کوئی بات نہیں کی، آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہے، معیشت بہتر ہوئی تو سب بہتر ہو گا۔ ہمیں تنخواہوں میں اضافہ کرنا چاہئے۔
وزیرداخلہ نے کہا 3 فروری کو وزیراعظم چین کے دورے پر جا رہے ہیں، وزیراعظم کا دورہ چین بہت اہمیت کا حامل ہے، خطے کے معاملات میں پیش رفت ہوگی۔ پاکستان کے تعلقات امریکا اور چین سے مساوی تعلقات ہوں گے۔ ہمارے آئی ایم ایف کے پاس جانے پر چین کو کوئی اعتراض نہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم جلد نالہ لئی منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ کوشش ہوتی ہے کہ ترقیاتی کاموں کا 15 دنوں بعد جائزہ لیا جائے۔ 5 فروری کو یوم یکجہتی کمشیر منائیں گے، کل بھارتی فوج نے پانچ پُرامن کشمیریوں کو شہید کردیا۔