خوفزدہ ہونے کا وقت گزر گیا ہے،روسی اداکارہ یولیا پریسلڈ

ماسکو(شوبز ڈیسک) معروف روسی اداکارہ یولیا پریسلڈ کا کہنا ہے کہ اب خوفزدہ ہونے کا وقت گزر گیا ہے، اگر آپ کو بھیڑیوں سے ڈر لگتا ہے تو آپ کو جنگل میں نہیں جانا چاہیے۔عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق آئندہ ماہ خلا میں فلم کی شوٹنگ کے لیے عالمی خلائی سٹیشن جانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے 36سالہ اداکارہ نے فرانسیسی میڈیا کو بتایا کہ خلائی مشن کے لیے انہیں اپنی میک اپ کٹ تیار کرنے میں مشکل ہو رہی ہے کیونکہ لپ گلاس رکھنے کی اجازت نہیں ہے اور صرف مخصوص قسم کے پلاسٹک کا سامان ساتھ لے جایا جا سکتا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے ساتھ فلم کے ڈائریکٹر کلم شپینکو بھی عالمی خلائی سٹیشن پر جائیں گے ۔واضح رہے کہ روس کے فلمی مشن کا آغاز 5 اکتوبر سے ہوگا ،ہالی وڈ بھی اسی نوعیت کے فلم پراجیکٹ کی تیاریاں کر رہی ہے ،روس کی کوشش ہے کہ امریکا سے پہلے ہی وہ اپنا فلم پراجیکٹ مکمل کر لے۔