راولپنڈی(شوبز ڈیسک)اداکارہ و میزبان وینا ملک کا کہنا ہے کہ حکومت کو شوبز کے اندر لباس کی حد مقرر کرنی چاہئے اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک ڈریس کوڈ دینا چاہئے۔وینا ملک نے ایک انٹرویومیںافغانستان میں طالبان کی حکومت اور وہاں کی خواتین کے لباس کے بارے میں بات کی۔ میزبان نے وینا ملک سے پوچھا آپ نے اپنے انسٹاگرام پر برقعے میں تصویر ڈالی ہے تو کیا آپ بھی افغانستان جانے کی تو تیاری نہیں کررہیں؟ وینا ملک نے کہا انشااللہ مجھے قندھار بہت پسند ہے اور مجھے وہاں جاکر بہت اچھا لگے گا۔ اور جہاں تک بات ہے برقع پہننے کی تو برقع میری زندگی کا حصہ ہے۔ میں 13 سال کی عمر سے برقع پہن رہی ہوں۔ میں آج بھی جب باہر جاتی ہوں تو برقع پہنتی ہوں اس لیے نہیں کہ کسی نے مجھ پر دباؤ ڈالا ہے بلکہ اس لیے کہ یہ میری چوائس ہے برقع میں، میں خود کو محفوظ سمجھتی ہوں۔میزبان نے کہا طالبان نے اپنے ملک کے فنون لطیفہ اور فنکاروں پر ، موسیقی پر پابندی لگادی ہے تو کیا آپ کو افغانی فنکاروں کے لیے ہمدردی کے جذبات آتے ہیں کہ وہاں فنکاروں پر حدود مقرر ہوتی جارہی ہیں؟وینا ملک نے کہا مجھے تو ہمدردی ان ملکوں کی انڈسٹریز سے ہونی چاہئے جہاں خواتین کو ایسے لبا س پہننے پر زور دیا جاتا ہے جس میں ان کا جسم نظر آئے کیونکہ یہ ان کی انڈسٹری کا حصہ ہے۔ مجھے لگتا ہے خواتین وہاں زیادہ غیرمحفوظ ہیں۔