حق اور سچ کا ساتھ نہیں چھوڑوں گا چاہے کوئی کچھ بھی کرلے، فروغ نسیم

راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ملکیت کے قانون پر بل لائے تو وکلا نے مخالفت کی کہ کیسز کم ہوجائیں گے، چاہے جتنی بھی مخالفت ہو انہیں پرواہ نہیں، کوئی کچھ بھی کرلے وہ حق اور سچ کا ساتھ نہیں چھوڑيں گے۔
کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ فوجداری نظام عدل میں اصلاحات کرنے جارہے ہیں، اصلاحات کے بعد 9 ماہ میں مقدمے کا فیصلہ ہوسکے گا۔
وزیر قانون نے کہا کہ زیادتی کے کیسز میں خاتون کے کردار پر سوال نہیں ہوگا، کیس میرٹ پر چلے گا۔
انہوں نے کہا کہ پورے عدالتی نظام کا مرکز انگریزی زبان میں ہے، قانون سازی کر رہے ہیں کہ ایس ایچ او کم از کم بی اے پاس ہو۔
فروغ نسیم نے کہا کہ ہمارے اینٹی ریپ لا کی امریکا اور برطانیہ نے بھی تعریف کی، خواتین اور بچوں کے کیسز میں معالی معاونت کی جائے گی، خاتون محتسب خواتین کےملکیت کے مسائل حل کرائےگی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی میں مثبت کردار ادا کرنے کیلئے خواتین کو خود مختار بنانا ضروری ہے، خاتون کو وراثت میں ان کا حق دینا ہوگا۔