بنگلہ دیش T20 سیریز میں ایک دفعہ پھر شکست سے دوچار

پاکستان نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بنگلادیش کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی۔

ڈھاکا میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 109 رنز کا ہدف دیا تھا جو شاہینز نے 19ویں اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا تھا۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم پھر بدقسمت رہے اور ایک رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ تاہم بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں رواں سال سب سے زیادہ رنز بنانے والے محمد رضوان اور آسٹریلیا کے خلاف سیمی فائنل میں دھواں دھار اننگز کھیل کر اپنا مومنٹم حاصل کرنے والے فخر زمان نے عمدہ پارٹنرشپ بنا کر بنگلادیش کی جیت کا خواب چکنا چور کردیا۔

دونوں نے 85 رنز کی پارٹنرشپ بنائی جہاں 97 کے مجموعے پر 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم فخر زمان نے جیت کی جانب پیش قدمی جاری رکھی اور 57 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کے ساتھ ٹیم کو دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں بھی جتوادیا۔

بنگلادیش کی جانب سے امین الاسلام اور مستفیض الرحمان نے ایک، ایک وکٹ لی۔

آج دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کا آغاز ہوا تو بنگلادیش کی پہلی وکٹ ایک رن پر ہی گر گئی جب بنگلادیش کے سیف حسن کو شاہین آفریدی نے صفر پر آؤٹ کیا۔

پاکستان کے خلاف بنگلادیش کی دوسری وکٹ 5 رنز پر گری، محمد نعیم کو 2 رنز پر محمد وسیم جونیئر نے آؤٹ کیا۔ تیسری وکٹ 51 رنز پرگری، عفیف حسین کو 20 رنز پر شاداب خان نے آؤٹ کیا۔

پاکستان کے خلاف بنگلادیش کی چوتھی وکٹ 79 رنز پر گری جب محموداللّٰہ کو حارث رؤف نے 12 رنز پر آؤٹ کیا۔ پانچویں وکٹ 82 رنز پر گری جب شاداب خان نے ناظم الحسن کو40 رنز پر آؤٹ کردیا۔

پاکستان کے خلاف بنگلادیش کی چھٹی وکٹ 88 رنز پرگری، مہدی حسن کو 3 رنزپر محمد نواز نے آؤٹ کیا۔

میچ سے قبل بابراعظم کا کہنا تھا کہ اپنے بلے بازوں کی کارکردگی سے خوش ہوں، فخر اور نواز نے اچھی بیٹنگ کی، حسن علی کی جگہ شاہین آفریدی ٹیم میں شامل ہیں۔ دوسری جانب کپتان بنگلادیش کپتان محمود اللّٰہ کا کہنا تھا کہ پہلے میچ میں جو خامیاں تھیں اس پر قابو پانے کی کوشش کریں گے، بیٹنگ میں بہتری کی ضرورت ہے ۔

پاکستان بمقابلہ بنگلادیش کے درمیان ہونے والے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر سے برتری حاصل ہے۔