راولپنڈی(نیوز ڈیسک) برطانوی گلوکارہ دُعا لیپا نے جی جی حدید، نومی کیمبل اور ارینا شائک جیسی سُپر ماڈلز کے ساتھ میلان فیشن ویک میں پہلی بار ریمپ پر واک کرکے شرکاء کولاجواب کردیا۔
دُعا لیپا جو کہ مشہور اطالوی فیشن ہاؤس ورساچی کی نئی مہم کا حصّہ ہیں، انہوں نے میلان فیشن ویک میں اسی برانڈ کے لیے ریمپ پر واک کی۔
اپنے ماڈلنگ کیرئیر کی پہلی ریمپ واک کے بارے میں دُعا لیپا کا کہنا ہے کہ ’ایک مہم کا حصّہ بننے سے لے کر اب ایس ایس 22 شو تک، ورساچی فیملی کے ساتھ اپنے سفر کو جاری رکھنا ایک ناقابل یقین تجربہ رہا ہے۔‘
انہوں نے اطالوی فیشن ڈیزائنر ڈوناٹیلا ورساچی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کے اس خوبصورت شو میں واک کرنا ایک خواب تھا۔‘
دُعا لیپا نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر میلان فیشن ویک سے امریکی سُپر ماڈل جی جی حدید اور اطالوی فیشن ڈیزائنر ڈوناٹیلا ورساچی کے ساتھ اپنی چند خوبصورت اور یادگار تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔