تربت(مانیٹرنگ ڈیسک)کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین نے سرکٹ ہاؤس تربت میں عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری منعقد کی ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ ،پولیس، تعلیم،صحت،ریونیواور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے جبکہ سیاسی کارکنوں، تاجروں، سول سوسائٹی سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے نظام میں عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے کوئی موثر طریقہ کار نہیں ہے اس لیے ان مسائل میں روزبروز اضافہ ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کھلی کچہریوں کے انعقاد کا مقصد عوام کے مسائل کو ایک باقاعدہ فورم کی صورت میں سرکاری افسران کی موجودگی میں نشاندہی کرنا ہوتا ہے تاکہ عوام کے مسائل کو حل کے لیے فوری اقدامات کئے جاسکیں۔ انجمن تاجران کے وفد نے کمشنر مکران کو بارڈر ٹریڈ کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مکران ڈویڑن کے لوگوں کے روزگار کا ایک بڑا حصہ سرحدی تجارت سے وابستہ ہے لہذا سرحدی تجارت کو قانونی حیثیت دے کر اس میں آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ یہاں کے لوگوں کے ذریعہ معاش کا ایک بڑا مسئلہ حل ہوسکے۔ انہوں نے تجویز کیاکہ ای ٹیگنگ کے نظام میں مزید بہتری لائی جائے اور انہیں مزید وسعت دیکر تیل سے وابستہ گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے تاکہ سرحدی علاقے کے لوگوں کو کاروبار کا ایک باوقار ذریعہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی تجارت کے حوالے سے مکران ڈویڑن کے تینوں اضلاع میں ایران سے متصل بارڈر کراسنگ پوائنٹ میں بارڈر مارکیٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور انہیں امید ہے کہ ان مارکیٹ کے قیام سے تجارتی اور سفری سہولیات میں مزید آسانیاں پیدا ہونگی اور لوگوں کو کاروبار کا ایک باوقار ذریعہ مل جائے گا۔