ایبٹ آباد میں انڈر 16یوتھ گیمزکے شیڈول میں تبدیلی

راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس کے پی اور ریجنل سپورٹس آفس ایبٹ آباد کے زیراہتمام2 روزہ انڈر 16یوتھ گیمزکے شیڈول میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق یہ گیمز(کل) جمعہ سے ایبٹ آباد کے مختلف مقامات پر شروع ہوں گی جن میں 10 گیمز میں یہ کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسروسیم فضل کے مطابق گرلز گیمز کا باقاعدہ آ غاز کل جمعہ سے ہو گا۔سٹی سپورٹس کمپلیکس ایبٹ آباد میں منعقدہ ان گیمز کا افتتاح ڈ ائریکٹر سپورٹس آپریشن کے پی کے سید ثقلین شاہ اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر زنانہ ایبٹ آباد ریحانہ یاسمین ایک پروقار تقریب میں کریں گئے۔گرلز ایونٹس میں بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس،سکوا ئش، رسہ کشی،ایتھلیٹکس،والی بال،باسکٹ بال،اور نیٹ بال کے مقابلے ہوں گے ۔بوائز ایونٹس کے مقابلوں کا آغاز 25 ستمبر سے ہو گا۔ کبڈی، ٹینس،سمیت بیڈمنٹن،ٹیبل ٹینس،سکوا ئش، رسہ کشی،والی بال اور باسکٹ بال میں نوجوان کھلاڑی فتح کے حصول کے لیے ایک دوسرے سے نبرد آزما ہوں گے۔ یہ مقابلے سٹی سپورٹس کمپلیکس، بار کلب گراونڈاور پولیس گراونڈ سمیت مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔ گیمز کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں میڈلز اور سر ٹیفکیٹس تقسیم کیے جائیں گے۔