آل آزاد کشمیر اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ راولاکوٹ نے مظفر آباد کو شکست دیدی

راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک) آل آزاد کشمیر اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ راولاکوٹ کے نوجوان کھلاڑیوں مزمل شمیم اور انعام الحق بسمل نے مظفر آبادکو ہرا کرجیت لیا۔ دارالحکومت مظفر آبادمیں ہونے والے آل آزادکشمیر بیڈمنٹن ٹورنامنٹ میں آزادکشمیر کی 26معروف ٹیموں نے حصہ لیا۔ پہلے سیمی فائنل میں حیام اور ذوالقرنین کو مزمل شمیم اور انعام الحق بسمل نے اور دوسرے سیمی فائنل میں متعدد بار آزادکشمیر نیشنل چیمپئن شپ جیتنے والے رفیق اور باسط نے عابد اور اظہر کو ہرا کر فائنل کوالیفائی کیا تھا۔ فائنل میں بیڈ منٹن کلب دھمنی کے ہونہار کھلاڑی مزمل شمیم اور ہورنہ میرہ بیڈمنٹن کلب کے عبدالحق بسمل نے مظفر آباد سے تعلق رکھنے والے رفیق اور باسط کو شکست دے کر ٹورنامنٹ اپنے نام کر لیا۔ راولاکوٹ کے کھلاڑیوں کی طرف سے آزاد کشمیر نیشنل بیڈمنٹن چیمپئن شپ جیتنے پر زبردست جشن منایا گیا۔ راولاکوٹ کے سیاسی و سماجی حلقوں اور سپورٹس تنظیموں کے نمائندوں ثاقب رحیم، سفیان خان، تنویر راجہ، وقار احمد خان، ظفر عارف، اعجاز رحیم، اسد حسین، خالد محمود، عرفان زرین، شعیب خان نے مبارک باد دیتے توقع کی کہ یہ نوجوان کھلاڑی آئندہ بھی آزاد کشمیربیڈ منٹن جیت کر پونچھ کا نام روشن کریں گے۔