انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کیلئے گھر گھر ووٹرز کی تصدیقی مہم کا آغاز

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں آج سے انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کے لئے الیکشن کمیشن کے تصدیقی عملے نے گھر گھر ووٹرز کی تصدیقی مہم کا آغاز کردیا ہے تاکہ 2023کے عام انتخابات کیلئے شفاف اور غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں بروقت تیار کی جا سکیں،گھر گھر ووٹروں کی تصدیق کا یہ مرحلہ6دسمبر2021تک جاری رہے گا،اس کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا کے17اضلاع میں بلدیاتی انتخابات19دسمبر2021کو ہی ہوں گے جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی جماعتی اور آزاد حیثیت میں جمع کرانیکا سلسلہ بڑے جوش و خروش کے ساتھ جاری ہے جو 10نومبر2021تک جاری رہیگا جس کیلئے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے شیڈول میں عوام اور سیاسی جماعتوں کو سہولت دینے اور انتخابی عمل میں تمام طبقات کی زیادہ سے زیادہ شمولیت اور شرکت کو یقینی بنانے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانیکی تاریخ میں 10نومبر تک توسیع کی ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا بذات خود ان اضلاع میں انتخابی امور کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ ڈویژن کی سطح پر ریجنل الیکشن کمشنرز اور متعلقہ اضلاع کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز بھی اس حوالہ سے متحرک ہیں اور انتخابی عمل پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں، ان انتخابات کو کامیابی سے مکمل کرنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں،ان اضلاع میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر ، مہمند ،مردان، صوابی، بونیر، باجوڑ ، ہری پور ، کوہاٹ، کرک، ہنگو،بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک شامل ہیں۔اس کے ساتھ ہی الیکشن کمیشن اور متعلقہ انتخابی عملہ لاہور اور خانیوال میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی بھرپور تیاریوں میں مصروف عمل ہیں اوران تمام اہم امور کی الیکشن کمیشن کی جانب سے بھرپور مانیٹر نگ بھی کی جارہی ہے تاکہ مقررہ شیڈول کے مطابق ووٹر لسٹوں کی تیاری سمیت خیبر پختونخوا کے 19دسمبرکوہونے والے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات اور پنجاب میں دو حلقوں این اے133لاہور کے5دسمبر اورپی پی206خانیوال 16دسمبرمیں ہونے والے ضمنی انتخابات خوش اسلوبی اور شفافیت کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچائے جا سکیں۔اس اہم موقع پر الیکشن کمیشن نے قوم سے اپیل کی ہے کہ درج بالا اہم آئینی امور کی انجام دہی میں اور قومی مفاد کی خاطر الیکشن کمیشن کے عملے سے مکمل تعاون کیا جائے۔