واپڈا نے اپنے کرکٹرز کو گھر بھیج دیا

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک): ادارہ جاتی کرکٹ ختم ہونے کے بعد واپڈا میں بھی شعبہ کرکٹ کا خاتمہ کردیا گیا، واپڈا اسپورٹس بورڈ نے کھلاڑیوں کو ڈیوٹیوں پر بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق واپڈا اسپورٹس بورڈ نے کرکٹ آپریشن ختم کرنے کا اعلان کردیا جس کے بعد اب واپڈا کرکٹ کے ہونے والے مقابلوں میں حصہ نہیں لے گا، اس حوالے سے واپڈا نے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کو ری اسٹرکچر کردیا ہے، اسٹرکچرنگ میں ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کو ریجنل کرکٹ ٹیموں میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ کرکٹرزکے کیسز کا فیصلہ اب ان کی تقرریوں کے قواعد وضوابط کے مطابق ہوگا
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف یونٹس میں موجود مستقل ملازمین کرکٹرز کو ڈیوٹی جوائن کرنے کا کہہ دیا گیا ہے جبکہ کنٹریکٹ ملازمین کھلاڑیوں کو ڈیوٹی کرنے یا پھر گھر جانے کا آپشن دے دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق ماہانہ معاوضے اور وظائف حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو فارغ کردیا گیا، گیپکو نے21 مستقل اور کنٹریکٹ کرکٹرز کو ڈیوٹی کے احکامات جاری کردیے۔
دیگر کمپنیاں آنے والے دنوں میں اپنے طریقہ کار کے مطابق فیصلہ کریں گی، کرکٹر سلمان بٹ، محمدآصف، وہاب ریاض، کامران اکمل اور دیگرکھلاڑی اس قدام سے متاثرہوں گے۔