آن لائن ایجوکیشن کیلئے اوپن یونیورسٹی کو فالو کیاجائے گا، وائس چانسلر اے آئی او یو

راولپنڈی(خصوصی نمائندہ):علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا ہے کہ فاصلاتی نظام تعلیم کی ڈیجٹلائزیشن نے ہمارے لئے روڈ میپ متعین کردیا ، آن لائن ایجوکیشن کے لئے اوپن یونیورسٹی کی پیروی کی جائے گی ۔اِن خیالات کا اظہار انہوں نے 8 ماہ دورانیہ کی ای لرننگ تربیت کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امریکی سفارت خانے میں نائب ثقافتی امور کے آفیسر، فلپ اسیس ،پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم مظہر، یونیورسٹی آف بلتستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نعیم خان ،گورنمنٹ صادق کالج وویمن یونیورسٹی بہاولپورکی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر صاعقہ امتیاز آصف اور یونیورسٹی آف بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے خطاب کیا۔ڈاکٹر ضیا القیوم نے کہاکہ کوروناوبا کی صورتحال پر قابو پانے اور تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لئے ہم نے ہنگامی بنیادوں پر کام کرکے یونیورسٹی کی ڈیجٹلائزیشن کا عمل مکمل کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آن لائن تعلیمی مقاصد کے لئے جوتعلیمی ادارے ہمار ی ڈیجٹلائزیشن کی پیروی کرنا چاہتے ہیں ، ہم ا ن کی بھرپور معاونت فراہم کریں گے ۔ انہوں نے ای لرننگ تربیت حاصل کرنے والے چاروں یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبران اور انکے جامعات کے وائس چانسلر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تربیت حاصل کرنے والے فیکلٹی ممبران کو اوپن یونیورسٹی کا سپورٹ حاصل رہے گا ، ہر مشکل آنے پر وہ یونیورسٹی سے رابطہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے پاکستانی جامعات کے فیکلٹی ممبران کو ای لرننگ تربیت فراہم کرنے کے لئے اوپن یونیورسٹی کے انتخاب پر امریکہ کے یو ایس ای ایف پی اورر امریکی سفارت خانے کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر فلپ اسیس نے کہا کہ وسیع تعلیمی نیٹ ورک ، ڈیجٹلائزین ، صلاحیتوں اور تعلیمی مہارتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے امریکہ کے ایجوکیشنل فائونڈیشن پاکستان(یو ایس ای ایف پی) نے پاکستانی یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ممبرز کو ای لرننگ کی تربیت فراہم کرنے کے لئے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا انتخاب کیا تھا ۔اس موقع پر جامعا ت کے وائس چانسلرز نے ان کے فیکلٹی ممبران کو ای لرننگ تربیت فراہم کرنے کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فاصلاتی نظام تعلیم کی ڈیجٹلائزیشن نے ہمارے لئے روڈ میپ متعین کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن ایجوکیشن کے لئے ہم اوپن یونیورسٹی کی ڈیجٹلائزیشن کو فالو کرینگے۔انہوں نے یونیورسٹی کی ڈیجٹلائزیشن پر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کو مبارکباد دی۔تربیت حاصل کرنے والے شرکاء سے تاثرات اور فیڈ بیک لینے پر انہوںنے کہا کہ یہ تربیت انکی بقا کی کٹ ہے اور اس تربیت نے ہمیں آن لائن تعلیم فراہم کرنے کے قابل بنایا ، قبل ازیں ہماری جامعات نے آن لائن ایجوکیشن شروع تو کی تھی لیکن ہماری تیاری نہیں تھی۔
۔